گراں فروشوں کے خلاف بڑے کریک ڈاو¿ن کی تیاری
کراچی (وقائع نگار) سندھ حکومت نے گرانفروشی‘ غیر معیاری روزمرہ اشیاءکی فروخت اور منافع خوروں کے خلاف بڑے کریک ڈاﺅن کی تیاری کر لی ہے اس سلسلے میں سندھ کے صوبائی وزیر زراعت سہیل انور سیال کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر کے ہمراہ ہوم سیکرٹری‘ سیکرٹری زراعت‘ صوبے کے تمام کمشنرز‘ بیورو آف پرائزز اینڈ سپلائی کے اعلیٰ افسران سمیت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ماہ رمضان کے دوران گراں فروشی اور غیر معیاری اشیا کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی‘ غیر قانونی بچت بازاروں کا خاتمہ اور عوامی شکایتوں کے ازالے کے حوالے سے قائم کئے جانے والے کمپلین سینٹر کی کارکردگی جیسے معاملات زیر بحث آئے۔ سہیل انور سیال نے اعلان کیا کہ عوام کے ساتھ مل کر مہنگائی کے طوفان کو شکست دیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے تما م ضلعی افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی حدود میں واقع کسی بھی علاقے میں غیر معیاری اشیا کی فروخت کا رجحان فروغ نہ پائے اور نہ ہی منافع خوروں کو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی اجازت دی جائے۔ سہیل انور سیال نے مزید کہا کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں سندھ حکومت کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے کمپلین سینٹرکا قیام کیا گیا ہے جہاں گراں فروشی ‘ناقص اشیا کی نشاندہی سمیت صارفین اپنی تمام شکایات کے ازالے کے حوالے سے بے جھجک رابطہ قائم کر سکتے ہیں‘ ناجائز بازاروں کے انعقاد کے حوالے سے صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ غیر قانونی بازاروں کے فروغ اور انعقاد میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی بھی طرح کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے اور بچت بازاروں کو قانونی دائرہ کار میں لا کر عوام کے لئے سہولت پیدا کی جائے۔سہیل انور سیال نے اس موقع پر جعلی زرعی دواوںکے کاروبار میں ملوث عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یا تو مجرمانہ روش سے باز آئیں ورنہ سخت ترین حکومتی ایکشن کے لئے تیار ہوجایئں۔ صوبائی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے وفد کو اس بات کی یقین دھانی کروائی کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔ کرپشن اور اقربا پروری کی حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کے تمام محکموں اور اداروں میں تمام معاملات کو شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر جانچنے کی پالیسی وضع کر دی گئی ہے۔ سہیل انور سیال کی جانب سے بیورو آف پرائزز اینڈ کنٹرول کے افسران اور کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سے مخاطب ہوتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی میں لگنے والے تمام غیر قانونی بازاروں کا فی الفور قلع قمع کیا جائے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پولیس کو مکمل تعاون کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ میڈیا نمائندگان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں صوبے میں امن عامہ کی صورت حال کافی بہتر ہے اور کرپشن اور مہنگائی کے طوفان کو حکومت اور عوام مل کر ہی شکست دے سکتے ہیں۔
سہیل انور سیال