مردم شماری سے وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی ہے، گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ درست مردم شماری سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ، بہتر سہولیات کی فراہمی ، علاقائی ترقی اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے، پاکستان میں 1998 ءکے بعد 2017 ءمیں ہونے والی مردم شماری مکمل کرلی گئی ہے ،جس کا اعلان جولائی کے مہینہ میں ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں پاک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں ، مربوط اور موئثر انتظامات کے باعث تمام اسٹیک ہولڈرز نے مردم شماری پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں2017 ءکی مردم شماری کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں صوبائی سینسس کمشنر عبد العلیم میمن اور ڈی جی نادرا سندھ لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد خٹک بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے عبد العلیم میمن نے بتایا کہ مردم شماری و خانہ شماری مکمل کرکے اس کا ڈیٹا اسلام آباد متعلقہ وزارت کو بھیج دیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں درست آبادی کے تخمینہ سے یکساں ترقیاتی عمل سے مسائل کا خاتمہ یقینی ہے ۔
گورنر سندھ