عباسی شہید اسپتال میں جدید ٹی بی سینٹر قائم ہوگا ‘ وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تپ دق کے مریضوں کے علاج کے لئے عباسی شہید اسپتال میں ایک معیاری ٹی بی سینٹر قائم کیا جا رہا ہے ، دور دراز علاقوں میں واقع ڈسپنسریز میں ٹی بی کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی بلدیات اور یونین کونسلز سے بھی رابطہ کیا جائے گا یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا ، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی ، انڈس اسپتال کے عبدالباسط اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران انڈس اسپتال کے وفد نے ”زیرو ٹی بی کراچی“اور ”سگ گزیدگی سے پاک کراچی “ پروگرام کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ، میئر کراچی نے کہا کہ ٹی بی کے علاج کی سہولیات کے ایم سی کے تمام اسپتالوں میں فراہم کی جانی چاہئیںاور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم کو موثر بنانا چاہئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ پروگرام کوآرڈینیٹر کے اشتراک سے ایسی حکمت عملی بنائی جائے۔
کہ لوگوں میں بیماریوں سے تحفظ اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے شعور بیدار ہوسکے، اجلاس کے دوران سگ گزیدگی کے واقعات اور ان کی روک تھام کے طریقوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں سری لنکن ماہرین کے ذریعے مقامی طبی عملے کی تربیت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔