ڈاﺅ یونیورسٹی میں جگر کی پیوند کاری اُمید کی نئی کرن ہے، گورنر سندھ
کراچی(این این آئی)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ ڈاﺅ یونیورسٹی میں جگر کی پیوند کاری کے آغاز سے جگر کے عارضہ میں مبتلا مریضوں میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے کیونکہ اب انہیں اس کے علاج کے لئے ملک سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکوجگر کی پیوند کاری کئے جانے والے مریضوں اور جگر کا عطیہ کرنے والے افراد کے ہمراہ ڈاﺅ یونیورسٹی اوجھاکیمپس میں ایک پریس بریفنگ کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ پیوند کاری کے بعد مریض اور عطیہ کنندگان سب خیریت سے اور صحت مند ہیں اور ان میں کسی قسم کی طبی پیچیدگی سامنے نہیں آئی جو کہ نہایت خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ جگر کی پیوند کاری کے لئے جدید ترین طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ سرجنز کو امریکہ اور ترکی سے تربیت دلوائی گئی ہے تاکہ کامیاب پیوند کاری اور مریض کی مکمل صحت یابی کو بھی جلد از جلد یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جگر کی پیوند کاری کے اخراجات کے مقابلہ میں ڈاﺅ یونیورسٹی میں انہیں کم سے کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے پھر بھی جو مریض اس آپریشن کے اخراجات یک مشت ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے ہوں گے، انہیں قسطوں میں ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ غریب مریضوں کو بھی مخیر حضرات کے تعاون سے یہ سہولت مفت فراہم کی جائیگی۔انہوں نے مخیر حضرات اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ذیادہ سے ذیادہ مریضوں کو یہ سہولت فراہم کی جاسکے۔
گورنر سندھ