کراچی: پی پی رہنما ساتھی سمیت قتل‘ مکان میں دفن بھاری بھارتی اسلحہ برآمد

کراچی (نیوز ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے ملیر 15 میں گذشتہ شام موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیدار شریف لاشاری اور ان کے ساتھی انور بھٹو جاں بحق ہو گئے۔ واردات کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور نعشیں ہسپتال بھجوا کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی نجمی عالم نے بتایا کہ شریف لاشاری پارٹی کے مقامی سیکرٹری اطلاعات اور انور بھٹو بھی عہدیدار تھے۔ ادھر پولیس نے بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد چھاپوں کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث ٹارگٹ کلرز 2 ملزموں بلال عرف بلا اور کاشف عرف ڈبل سم کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ دوسری طرف پولیس، رینجرز اور حساس ادارے کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 15 میں ایک بند مکان کے صحن میں دبایا گیا بھاری مقدار میں بھارتی اسلحہ برآمد کر لیا جس میں ہیوی اینٹی ائر کرافٹ گنیں، راکٹ لانچر ایس ایم جی ایل ایم جی رائفلیں شامل ہیں تاہم کسی قسم کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے چھاپہ مار ٹیم کیلئے کامیاب کارروائی پر 90 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔