کراچی: 15 بچیاں والدین کے حوالے، مدرسہ چلانے والی خاتون سمیت 3 ملزموں کی ضمانت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ لیڈی رپورٹر) کراچی کے علاقے لیاقت آباد اور کورنگی کے مدرسے اور گھر سے برآمد کیجانے والی باجوڑ ایجنسی کی 15 بچیوں کو گذشتہ روز حکام نے تصدیق کے بعد ان کے والدین کے حوالے کر دیا جبکہ 20 بچیوں کو آج بذریعہ جہاز اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے ہمراہ پشاور روانہ کیا جائے گا۔ گذشتہ روز دارالبنات کے باہر بچیوں کو لینے کیلئے ان کے والدین اور رشتہ داروں کا ہجوم رہا لیکن انتظامیہ نے کسی سے بچیوں کو ملنے یا ٹی وی کیمرہ مینوں کو فوٹیج بنانے کی اجازت نہ دی۔ بچیوں کو عمدہ خوراک، کپڑے اور کھلونے فراہم کر دئیے گئے۔ قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے بچیوں کو اپنے مدرسے میں رکھنے والی خاتون حمیدہ رحمان، ملزموں عمران اور ایوب کی ضمانتیں منظور کر لیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا۔ عدالت میں تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرا دی جبکہ عدالت نے ملزموں کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا بھی حکم دیا۔