کے ای ایس سی بیت السکون کینسر اسپتال کو مفت بجلی فراہم کرے گی

کے ای ایس سی بیت السکون کینسر اسپتال کو مفت بجلی فراہم کرے گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (KESC) نے بیت السکون کینسر ہسپتال کے مریضوں کے مفاد میں اپنے سماجی سرمایہ کاری کے پروگرام کے تحت بالکل مفت بجلی کی فراہمی کے لئے ہسپتال کے ساتھ اپنی(9th) نویں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ یادداشت پر کے ای ایس سی کے سی ای او ، نیّئر حسین اور ہسپتال کی ایگزیکٹو ٹرسٹی، زینب علی رضا ابراہیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ہسپتال کی جانب سے سیّد مسعود علی نقوی بھی موجود تھے۔ بیت السکون فاﺅنڈیشن اس مقصد کے لئے کراچی میں اپنے احاطے میں قائم ملک کے واحد مفت کینسر ہسپتال کے ساتھ ایک ہا سپائس (hospice) کا انتظام کرتی ہے۔ پچاس بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال اپنے مریضوں کو مکمل علاج معالجہ، لیبارٹری، ادویات اور اپنے مریضوں کے قیام کی سہولیات بغیر کسی ادائیگی کے فراہم کرتاہے۔ بیت السکون ہسپتال کینسر کے مکمل علاج معالجہ سمیت اپنے مریضوں کی طعام و قیام کے سارے اخراجات برداشت کرتا ہے۔ یہ ادارہ میموگرافی، الٹرا ساﺅنڈ ریڈیو گرافی اور پیتھالوجیکل لیبارٹری کی تشخیصی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس ادارے کی اپنی فارمیسی ہے جہاں سے مریضوں کو کینسر کے علاج کے لئے دواﺅں کی مکمل رینج فراہم کی جاتی ہے۔ ہسپتال سالانہ 5,000 سے زائد مریضوں کا علاج کرتا ہے۔نومبر 27 ، کو یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے کے ای ایس سی کے سی ای او نیّئر حسین نے کہا کہ" معاشرے کے غیر مراعات یافتہ طبقے کے لئے کے ای ایس سی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور جب بھی ضرورت پڑی ہم بیت السکون اور شہر میں موجود دیگر اس جیسے بامقصداور پائدار منصوبوںکی کامیابی کے لئے اپنی خدمات وقف کریں گے۔“بیت السکون کی محترمہ زینب نے کہا کہ ” ہم سماجی بہبود کے شعبے میں کے ای ایس سی کی مدد کے مشکور ہیں ۔ “کے ای ایس سی نے جن دیگر آٹھ اداروں سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ان میں انڈس ہسپتال ، میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر، لیٹن رحمت اللہ بینیولنٹ ٹرسٹ، دی سٹیزن فاﺅنڈیشن، سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن،کاروان حیات، دی کڈنی سینٹر اور بہبود ایسوسی ایشن شامل ہیں۔کے ای ایس سی اپنے سماجی سرمایہ کاری کے پروگرام (SIP) کے تحت مذکورہ سماجی بہبود کے اداروں کو ان کے عظیم مقصد کے اعتراف کے طور پر ان کے ماہانہ بجلی کے خرچ کو رعائتی قیمتوں پر یا مکمل طور پر مفت فراہم کرتی ہے۔