شہر کی 80فیصد آباد ی میں لوڈ شیڈنگ روز کا معمول ہے ، عمران اسماعیل

 شہر کی 80فیصد آباد ی میں لوڈ شیڈنگ روز کا معمول ہے ، عمران اسماعیل

کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باوجود کراچی کے اکثریتی علاقوں میں کے ای ایس سی کی جانب سے روزانہ 8سے10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ قابل مذمت ہے ، اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے ذریعے عوام کو اذیت میں مبتلا کر کے زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے میں فیڈرل بی ایریا ، نارتھ ناظم آباد ، رنچھوڑ لائن اور سائٹ میٹروول سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی 80فیصد آبادی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن چکا ہے اور کے ای ایس سی کا ادارہ ایک سفید ہاتھی بن کر صوبائی حکومت کے قابو سے بھی باہر ہوچکی ہے ۔ کے ای ایس سی اور واٹر بورڈ کی چپقلش سے اہلیان کراچی پس کر رہ گئے ہیں ، شہر کے اکثریتی علاقوں میں پینے کے پانی جیسی ضرورت زندگی بھی نایاب ہوچکی ہے ، شہر کے بیشتر علاقوں میں ایک ایک مہینے تک واٹر بورڈ کا ادارہ پانی فراہم نہیں کررہا جس کے باعث اہلیان کراچی ٹینکر مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت دونوں اداروں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور عوام کو درپیش لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ پانی کے مسئلے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کر ے تاکہ اہلیان کراچی سکون کا سانس لے سکیں ۔