الطاف حسین کی ملک میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہا جارہا ہے‘ اراکین رابطہ کمیٹی

الطاف حسین کی ملک میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہا جارہا ہے‘ اراکین رابطہ کمیٹی

کراچی (خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹرمحمدفاروق ستار ، احمد سلیم صدیقی اور خالد سلطان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کے حوالے سے کیے گئے غیر قانونی اور اوچھے ہتھکنڈے جمہوریت کی روح کے منافی ہیں اور حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے آئینی ذمہ داریوں کی حدود کو بھی پار کرلیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی ، اورنگی ٹاﺅن اور نیو کراچی میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب اورعلاقوں کی تاجر برادری سے ملاقاتوں کے دوران اپنی گفتگومیں کیا ۔ اس موقع پر حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی محبوب عالم ، سیف الدین خالد ، محمد حسین ، نشاط ضیاء، ارتضی فاروقی ،کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ ملک نازک صورتحال سے دوچار ہے اور ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتیں اس صورتحال سے سبق سیکھنے کے بجائے اپنے اپنے سیاسی ، ذاتی اور انفرادی مفادات کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ ایک تحریک ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی طرح ملکی مفاد کے معاملہ پر اختلاف کرنے کے بجائے ہمیشہ اتفاق کرنے کی ضرورت پر زور دیتی رہی ہے اور قائد تحریک الطاف حسین کی ملک میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی کاوشوں کو جس طرح سے لوگوں کی جانب سے سہرایاجارہا ہے۔