کراچی: سپرہائی وے پر پولیس مقابلہ، 4 دہشت گرد ہلاک
کراچی (وقت نیوز) کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر گزشتہ شام پولیس کے ساتھ مقابلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ ایس ایس پی رائو نواز نے بتایا ابتدائی طور پر 2 پولیس موبائل وہاں پہنچیں تاہم پولیس پر 3 اطراف سے فائرنگ شروع کردی گئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ پولیس نے چاروں کی نعشیں اور ان کے پاس سے ملنے والا اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا اور علاقے کا سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دریں اثنا اورنگی توسیع سیکٹر کے بنگلہ بازار میں فائرنگ سے متحدہ کا کارکن صلاح الدین جبکہ بنارس چوک میں ملنگ ہوٹل کے قریب فائرنگ سے کے الیکٹرک کا سابق اہلکار ساجد ہلاک جبکہ رکشہ ڈرائیور پرویز شدید زخمی ہو گیا۔ کورنگی سیکٹر 32 اے میں پولیس چوکی کے قریب گھر میں موجود یاسین کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔