حکمران عوام کو صاف پانی بھی مہیا نہیں کرسکے ، ثروت قادری
کراچی(نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہےکہ کارکنان عوام کے مسائل حل کرنے کےلئے اپنی جدوجہد تیز کردیں ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور حکمرانوں کی غیر متواز ن پالیسیاں ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لئے آئی ہیں ،حکمرانوں کی کرپشن کے سبب پاکستان کو نہ صرف مالی خسارے کا بلکہ پوری دنیا میں اخلاقی رسوائی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ظلم کی سیاہ رات ختم کرنے اور روشن مستقبل کےلئے اخوت وبھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا،عوام کو جب بنیادی حقوق نہیں ملیں گے تو عوام سڑکوں پر مجبور ہوکر نکلیں گے ،صحت ،تعلیم ،خوراک سے پریشان مظلوم عوام کی سنوائی تک نہیں ہوتی،سرمایہ دارانہ ،وڈیرانہ نظام کا خاتمہ کرکے ہی عوام کو بنیادی حقوق میسر ہوسکتے ہیں ،حکمرانوں نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے بلند بانگ دعوئے کرنے والے لوڈشیڈنگ تو دور عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی نہیں بناسکے ،حکمران کسی بھی شعبے میں اپنی کارکردگی دیکھانے میں ناکام ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسلامی جمہوری پاکستان کو مکمل فلاحی ریاست بنانے کےلئے تمام طبقات کو بلا تفریق اپنی خدمات پیش کرنا ہوں گےں ،ہم بلا تفریق رنگ و نسل اور برادریوں کی تقسیم کے بغیر اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔