وزیراعظم 2 اہم کیسز سی سی آئی میں لانے کیلئے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کریں، وزیراعلیٰ سندھ کا خط
کراچی (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا جس میں کہا ہے کہ وزیراعظم وزارت پٹرولیم کو ہدایت کریں کہ وہ دو اہم کیسز سی سی آئی میں لیکر آئیں۔ دو اہم کیسز ایل این جی پالیسی اور آرٹیکل 158 کا نفاذ ہے۔ صوبوں کو یہ کیسز بھیجنے سے صوبے تیاری کر کے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں سندھ نوری آباد کی ٹرانسمیشن لائن مکمل ہو جائے گی اور پاور پلانٹ کو گذشتہ روز گیس مہیا کی گئی ہے اور پلانٹ کو ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار جمعہ کو انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ نوری آباد پاور پلانٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج مجھے یہ خبر سن کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ سندھ حکومت کا پاور پلانٹ تیار ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاور جنریشن اور ٹرانسمیشن کی جو ہم بات کرتے تھے وہ آج کر کے بھی دکھایا ہے، پاکستان کی توانائی کے بحران کا حل سندھ میں موجود ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ تھر کا کوئلہ پورے ملک کو روشن کرنے کا ضامن ہے، سندھ حکومت کے ساتھ اگر وفاق تعاون کرے تو صوبہ سندھ پورے ملک کو روشن کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں نیویارک بیسڈ کیپیٹل انویسٹمنٹ فرم پیگاسس کے چیف رک ڈیوس سے باتیں کرتے ہوئے کہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سے فیصل کریم کنڈی‘ سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما حامد سعید کاظمی نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے حامد سعید کاظمی کو باعزت بری ہونے پر مبارکباد پیش کی۔