بچوں میں بلڈ کینسر کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں ‘گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار ) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کینسر کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اس کی بروقت تشخیص نہایت ضروری ہے تاکہ اس سے ہونے والی اموات پر قابو پایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سو سائٹی آف پیڈیا ٹرک انکولوجی(Pakistan Society of Paediatric oncology) کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقا ت کے دوران کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ریسرچ اور اس کے نتیجے میں تیار کی جانے والی ادویات کے باعث کینسر کی کئی قسم بر وقت تشخیص سے قابل علاج ہو گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اس ضمن میں ایک بھرپور مہم کے ذریعہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں بلڈ کینسر کے بڑھتے ہوئے واقعات نہایت تشویشناک ہیں جن کی جانب نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ طب کے شعبے سے منسلک پر وفیشنلز اور سول سوسائٹی کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سوسائٹی آف پیڈیا ٹرک انکولوجی اس ضمن میں کام کرے گی اور مریض بچوں کے اعداد و شمار کی تیاری کے ساتھ ساتھ ان کے بروقت علاج کے لئے اقدامات کئے جائیںگے۔ سوسائٹی کی صدر ڈاکٹر زہرہ فادو نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ اس ضمن میں تمام سوسائٹی ممبران کاوشیں کریں گے ۔