ایران جانیوالے زائرین کیلئے اگلے ماہ سے خصوصی بحری سروس شروع کرنیکا اعلان

ایران جانیوالے زائرین کیلئے اگلے ماہ سے خصوصی بحری سروس شروع کرنیکا اعلان

کراچی (این این آئی) وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے ایران جانے والے زائرین کے لئے خصوصی بحری سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ سروس کراچی سے ایران کی بندرگاہ ’’چار بہا‘‘ تک چلائی جائے گی۔ آغاز اگلے ماہ کراچی سے ہوگا۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے بتایا وزیراعظم کی ہدایت پر شروع ہونے والی اس بحری سروس کا مقصد زمینی راستوں پر ہونے والی دہشت گردی سے زائرین کو محفوظ رکھنا ہے۔ وہ پیر کو کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کی جانب سے سندھ بوائے اسکائوٹس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہا کہ دبئی ٹوئنٹی 20 ایکسپو کے سلسلے میں 2020ء تک دبئی میں 30 کروڑ افراد کے کھانا کھانے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ کراچی سے دبئی سپیڈ بوٹ سروس بھی شروع کررہے ہیں۔ مقصد پاکستان سے پکے پکائے کھانوں کی 24 سے 28 گھنٹوں میں دبئی ترسیل کرنا ہے۔  اگلے ماہ ہی وزارت سری لنکا سے ایک معاہدہ کرنے جارہی ہے جس کا مقصد سری لنکا کی امپورٹ ایکسپورٹ کے لئے پاکستانی بحری جہاز استعمال کرنا ہوگا۔ اس طرح پاکستان کو کثیر منافع حاصل ہوگا۔ کامران مائیکل نے کہا وزارت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے لئے 2 نئے بحری آئل ٹینکر بھی خرید رہی ہے، جس سے قومی بحری بیڑوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ کامران مائیکل نے کہا سپیڈ بوٹس پر شپمنٹ خلیجی ممالک میں بھیجیں گے۔ خلیجی ممالک میں ہماری اشیاء پھلوں اور سبزیوں کی مانگ بڑھی ہے۔