اعتزاز کا بیان تحقیر آمیز، متعصبانہ، ہماری دل آزاری کے برابر ہے: فاروق ستار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے اعتزاز احسن کے بیان سے لگتا ہے وہ خورشید شاہ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ایک طرف چوری اور اوپر سے سینہ زوری، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا اعتزاز احسن نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ انکے بیان سے انکی ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ اعتزاز احسن کا بیان بھی تحقیر آمیز، متعصبانہ اور ہماری دل آزاری کے برابر ہے۔ اعتزاز احسن نے جو باتیں کیں وہ غیر اخلاقی ہیں۔ لگتا ہے خورشید شاہ نے اعتزاز احسن کو اپنا وکیل صفائی مقرر کردیا ہے اور وہ انہیںبچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا اعتزاز کے بیان پر حیرت ہوئی، ملزم کے گناہ کی پردہ پوشی کی جارہی ہے۔ اعتزاز زمین اور آسمان کو ملا رہے ہیں۔ ان کا متعصبانہ رویہ قابل مذمت ہے۔ اعتزاز پہلے سندھ آئیں اور یہاں کی سیاست سیکھیں۔