کراچی میں فائرنگ کے واقعات، 5 افراد ہلاک، ڈی جی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ زخمی

کراچی میں فائرنگ کے واقعات، 5 افراد ہلاک، ڈی جی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹر) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں 5افراد کو قتل جبکہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کشمیر روڈ پر کراچی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل منور امام سرکاری گاڑی پر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ منور امام کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ اورنگی ٹاﺅن نمبر5 میں نشان حیدر چوک کے نزدیک موٹر سائیکل سواروں نے موٹر سائیکل پر جانے والے نوجوان26 سالہ حیدر عباس نقوی کو فائرنگ کرکے مار ڈالا۔ فائرنگ کی زد میں آکر راہ گیر19 سالہ جمعہ رحیم داد زخمی ہوگیا۔ ادھر گارڈن کے علاقے میں مسلح افراد نے 35 سالہ امام بخش کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک25 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں فائرنگ سے 25 سالہ فیضان زخمی ہوگیا۔ مزید برآں بریگیڈ کے علاقے جیکب لائن میں تھانوی مسجد کے نزدیک پیر کی شام مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان22 سالہ قاری وقاص ہلاک اور دوسرا19 سالہ اویس علی ولد مسرت علی زخمی ہوگیا جبکہ خداداد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 50 سالہ نوید زخمی ہوگیا۔شریف آباد کے علاےق فیڈرل کیپٹل ایریا میں ڈاکوﺅں نے گاڑی میں سوار پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ ملازم 65سالہ محمد اعظم کو اسکے بیٹے اور بیٹی کے سامنے مزاحمت پر فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور 29لاکھ روپے لوٹ لئے۔ علاوہ ازیں پی ای سی ایچ سوسائٹی میں پولیس نے ایک بنگلے پر چھاپہ مارکر کالعدم تنظیم کے 3افراد کو گرفتار اور 475کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا جبکہ پیرآبادسے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم شفقت کو پکڑ لیا گیا۔
کراچی