لوڈ شیڈنگ دورانیہ ہنگامی بنیادوں پر کم کیا جائے ‘ صدر زرداری

 لوڈ شیڈنگ دورانیہ ہنگامی بنیادوں پر کم کیا جائے ‘ صدر زرداری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں جاری بجلی کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت پانی وبجلی کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پیر کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں نگراں حکومت، وزارت پانی وبجلی، وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرول وقدرتی وسائل کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک میں جاری بجلی کے بحران کو کم کرنے کےلئے ہنگامی پلان مرتب کیا جائے اور تمام ادارے مل کر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صدر نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ صدر نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزارت خزانہ اور وزارت پانی وبجلی کی تقسیم کار کمپنیاں مل کر سرکلر ڈیٹ کو حل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔ صدر نے کہا کہ جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جائے اس سے قبل وہاں کے عوام کو لوڈشیڈنگ کے شیڈول سے آگاہ کیا جائے۔