کراچی میں ’’کامیڈی ڈکیتی‘‘ نالائق ڈاکو نے بم دکھا کر بینک سے 10لاکھ روپے لوٹ لئے‘ فائر کیا مگر پستول چلا نہ شیشہ بھی توڑ سکا

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے سخی حسن میں گزشتہ روز ایک نالائق ڈاکو نے بم دکھا کر بینک لوٹ لیا۔ عینی شاہدین اور فوٹیج کے مطابق حلئے سے کسی مدرسے کا طالب علم لگنے والا ایک نوجوان بینک میں داخل ہوکر بم ہوا میں لہراتا ہے جسے دیکھ کر تینوں گارڈ فرار ہوگئے۔ بوکھلائے ہوئے ڈاکو نے کیش کائونٹر کا شیشہ ، بنک کا لاکر توڑنا چاہا مگر نہ توڑ سکا، پستول چلایا وہ بھی نہ چلا، ادھر ادھر گرتا پڑتا جمپ لگا کر کیش سمیٹتا رہا پھر 10 لاکھ روپے لیکر باہر آیا، موٹرسائیکل سٹارٹ کی مگر وہ بھی نہ چلی جس پر وہ ڈاکو پیدل ہی آرام سے فرار ہوگیا۔ بنک ڈکیتی کیا تھی کوئی کامیڈی فلم لگ رہی تھی۔ پولیس حکام مقدمہ درج کرکے ڈاکو کوتلاش کررہے ہیں مگر وہ ہاتھ نہیں آیا۔