حکومت نے عوام کو بھتہ خوری اور دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں دیا‘منور حسن

حکومت نے عوام کو بھتہ خوری اور دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں دیا‘منور حسن

کراچی(خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیدمنورحسن نے کہا ہے کہ چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوں نے عوام کو دہشتگردی‘ بھتہ خوری اوربدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا‘ ملک کے حالات مخلص اوردیانتدار افراد ہی بدل سکتے ہیں‘جماعت اسلامی ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے‘جماعت اسلامی انتخابات میں قوم کو سرپرائز دے گی۔ اتحاد کےلئے تمام آپشنز کھلے ہیں فیصلہ انتخابات کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔جماعت اسلامی اچھے ہوم ورک کے ساتھ آئندہ انتخابات میں اترے گی ‘کارکنان رابطہ عوام مہم کوتیز کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ہرسطح کے ناظمین انتخاب کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اورسیکریٹری نسیم صدیقی نے خطاب کیا۔ سیدمنورحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے پورا ملک افراتفری اور بے یقینی کا شکار ہے‘ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لے کر اپنے ہی ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو داﺅ پرلگا دیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے روٹی ‘کپڑا اورمکان کا وعدہ پورا نہیں کیا‘ جب تک ملک میں زرداری کی حکومت ہے ملک میں نہ ہی امن قائم ہوسکتاہے اور نہ ہی غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے حکمران ٹولے کو جھولیاں بھر بھر کے ووٹ دئےے تھے آج وہی لوگ ہاتھ اٹھا اٹھا کر انہیں بد دعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں کو درست نہیں کیا گیا تو آئندہ ہونےوالے انتخابات بے معنی ہوکر رہ جائیں گے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں اب تک 10ہزار افراد ہلاک کئے جاچکے ہیں مگراقتدار کی کرسی پر قابض حکمران محض اپنی کرسی بچانے کےلئے دہشتگردوں ‘بھتہ خوروں اور بوری بند لاشوں کی سیاست کرنے والوں کے سیاہ کرتوتوں سے صرف نظر کررہے ہیں۔