ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے کلو اضافہ‘ گھریلو سلنڈر 895 کا ہو گیا

کراچی (ثناء نیوز) عیدالاضحی سے قبل مقامی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت 3 تا 4 روپے سے بڑھا کر 84 تا 85 روپے فی کلوگرام کر دی ہے جس سے 11.8 کلوگرام کا سلنڈر 35 تا 40 روپے کے اضافے سے 890 تا 895 روپے اور کمرشل سلنڈر 150 تا 160 روپے اضافے سے 3443 روپے کا ہو گیا۔ ایف پی سی سی آئی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایل پی جی کے چیئرمین اور آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالہادی خان نے بتایا کہ مقامی پروڈیوسروں نے موسم سرما میں طلب بڑھنے کے باوجود یومیہ پیداوار صرف 1450 ٹن تک محدود کر رکھی ہے جبکہ طلب بڑھ کر 21 سو ٹن ہو چکی ہے۔ طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے کیلئے اب مہنگی ایل پی جی درآمد کی جا رہی ہے۔