دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں، سندھ حکومت ناکام نہیں ہوئی، امجد صابری کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی : مولا بخش چانڈیو

حیدر آباد( نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ امجد صابری کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی ۔ چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا کا معاملہ عام نہیں۔ افطار ڈنر سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد شہروں میں چھپ رہے ہیں، کراچی میں بھی ہیں، دہشت گرد اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، سندھ حکومت ناکام نہیں ہوئی ۔ چودھری نثار سے سندھ حکومت یا ہمارا ذاتی اختلاف نہیں۔ چودھری نثار وزیر داخلہ سے ہٹ کر بات کرتے ہیں تو جواب دینا پڑتا ہے۔ مجھے آج بھی وفاقی حکومت سے نیکی کی امید نہیں، چودھری نثار وزیر داخلہ بن کر بات کرتے ہیں تو انکا احترام کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے سندھ حکومت کو کمتر نہیں سمجھا، آرمی چیف کی کراچی میں موجودگی سے سنجیدگی کا پتہ چلتا ہے ۔