کراچی: بنک ڈکیتی میں ملوث 3 ملزموں سمیت بیسیوں مشتبہ افراد گرفتار

کراچی (صباح نیوز+ نیٹ نیوز+نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے ایک درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں۔ بغدادی پولیس نے سکھر سے ایک سال قبل نوجوان لڑکی کو اغوا کرنے والے ملزم کو گرفتار کرتے مغویہ کو بازیاب کرالیا۔ تفصیلات کے مطابق بغدادی پولیس نے رات گئے لیاری لی مارکیٹ کے قریب چھاپہ مار کر ایک ملزم پریم کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر مغویہ لڑکی روبینہ کو بازیاب کر الیا ۔ ملزم نے ایک سال قبل روبینہ کو اغوا کیا تھا ۔ وہ رشتے میں اس کی خالہ لگتی ہے۔ ادھر عزیز آباد پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث 3ملزمان کامران، ذیشان اور بلال احمد کو گرفتار کر لیا جبکہ اتحاد ٹائون، پیر آباد اور پاک کالونی سے دو ملزمان جبکہ بغدادی پولیس نے 5جواری دھر لئے ، لیاقت آباد نمبر 4میں مبینہ طور پر بچے کو اغوا کرنے والے ملزم کو علاقہ مکینوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں گلشن سکندر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ ملزمان مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ پیر آباد میں مقابلے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے شاہراہ نور جہاں کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت2دہشت گرد گرفتار کر لئے۔پولیس کے مطابق گرفتار کمانڈ مقرب علی محسود اور منور محسود پولیس پر حملوں میں ملوث ہیں۔ تفتیش کے لئے تھانے منتقل کر دیا گیا دہشت گردوں کو اجتماع گاہ روڈ پر سے پکڑا گیا علاوہ ازیں بھتہ خور مجیب الرحمن اور سٹریٹ کرائم میں ملوث5افراد کو حراست میں لیا گیا۔