کراچی میں فائرنگ‘ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سمیت آٹھ افراد جاں بحق تین زخمی

کراچی میں فائرنگ‘ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سمیت آٹھ افراد جاں بحق تین زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) کراچی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری‘ جمعرات کو مسلم لیگ کے علاقائی صدر سمیت 8 افراد کو تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا گیا۔ مسلم لیگ نواز کے علاقائی صدر عبدالحمید کو عوامی کالونی کورنگی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ وہ بلدیاتی الیکشن کیلئے کاغذات جمع کرانے جا رہے تھے۔ ادھر چاکیواڑہ کے علاقے میں تارا سی این جی سٹیشن کے نزدیک مسلح افراد نے ایک 30سالہ شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ قائد آباد کے علاقے میں نیشنل ہائی وے پر منزل پمپ کے نزدیک سے پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ محمد قاسم کی لاش ملی۔ مزید برآں فیروز آباد میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک شخص عرفان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ بلدیہ ٹاﺅن میں عبداللہ چوک کے نزدیک فائرنگ سے اسحاق ہلاک ہو گیا۔ علاوہ ازیں اورنگی کے علاقے غازی گوٹھ میں بھی ایک شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ سلطان آباد پولیس نے نیٹو کا سامان چوری کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے نیٹو افواج کا سامان بر آمد کرلیا ہے۔ ناظم آباد پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے نور غازی خان جاں بحق ہو گیا۔ ابراہیم حیدری کے علاقے میں فائرنگ سے پچاس سالہ محمد رفیق جاں بحق ہوگیا۔ پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو سندھی مسلم سوسائٹی میں بھی گولیاں چلیں اور فائرنگ سے ایک نوجوان عرفان خالد جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں رینجرز اور پولیس کے چھاپے، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث 105 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات اور لوٹا ہوا سامان برآمد کر لیا۔
6 افراد جاں بحق