بنگلہ دیش سہ فریقی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، محصور پاکستانیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، نواز شریف کے نام خط میں اپیل

بنگلہ دیش سہ فریقی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، محصور پاکستانیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، نواز شریف کے نام خط میں اپیل

کراچی (این این آئی) تحریکِ محصُورین مشرقی پاکستان کے جنر ل سیکرٹری حیدر علی حیدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے نام اپنے ایک خط میں بنگلہ دیش کی صورتِ حال پر قومی اسمبلی میں بھاری اکثریت سے قرارداد کی منظوری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش 1974ءکے سہہ فریقی معاہدے کی کُھلم کُھلا خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ پاکستان سے نفرت کا یہ عالم ہے کہ وہاں حکمراں پارٹی کے لوگ حکومتی سرپرستی میں پاکستانی سفارتخانے پر مظاہرہ اور گرین شرٹس و پاکستانی پرچم نذرِ آتش کر رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں ڈھاکہ، چاٹگام اور دیگر شہروں میں محصُورین کے کیمپوں کا پولیس کی جانب سے گھیراﺅ اور بجلی منقطع کرنے کی کارروائی سے ایسا لگتا ہے کہ محصُورین کے خلاف پرتشدد کارروائی کیلئے وہاں کی پولیس جواز تلاش کر رہی ہے۔ حیدر علی حیدر نے اپنے خط میں وزیراعظم محمد نوازشریف سے اپیل کی ہے کہ وہ محصُورین کو درپیش مشکلات کیلئے وزارتِ خارجہ کو فوری اور مثبت اقدامات کیلئے احکامات جاری کریں اور حُب الوطنی کی مثال قائم کرنے والے محصُور پاکستانیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔