سندھ ہائی کورٹ میںبھی جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع چیلنج

کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائی کورٹ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میںسہیل حمید ایڈووکیٹ نے دائر کی جانے والی اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع آئین کے آرٹیکل دو سو تینتالیس کی خلاف ورزی ہے۔ صدر کو ان کی تقرری کے اختیارات تو ہیں تاہم مدت ملازمت میںتوسیع کے اختیارات نہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میںتوسیع سے فوج کا نظم ونسق بھی متاثر ہو گا۔ آئین کے آرٹیکل پانچ کے تحت آئین و قانون کی پاسداری ہی ملک سے وفاداری ہے۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندے اداروں میں تبدیلی نہیں کر سکتے یہ عمل آئین کی خلاف ورزی ہے لہٰذا جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میںتوسیع کو کالعدم قرار دیا جائے۔