اشتعال انگیز تقاریر پر کیس: متحدہ بانی اور دیگر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (صباح نیوز+این این آئی)عدالت نے بانی ایم کیو ایم سمیت دیگر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 12 نومبرتک ملتوی کر دی۔منگل کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کیس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سمیت دیگر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس میں عامر خان کی ضمانت میں 19نومبر تک توسیع کر دی ۔منگل کوانسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں اشتعال انگیز تقاریر کیس کی سماعت ہوئی۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار عدالت میں موجود تھے۔ادھرانسداد دہشت گردی کی عدالت نے عامر خان کیخلاف نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس میں شریک ملزم منہاج قاضی کا ضمنی چالان پیش نہ کرنے اور وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔منگل کوانسداد دہشت گردی کی عدالت میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں عامر خان اور مقدمے میں نامزد ملزم منہاج قاضی پیش ہوئے ،تاہم ملزم منہاج قاضی کیخلاف ضمنی چالان عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا۔ عدالت نے مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا، جس پر تفتیشی افسرنے کہا کہ کیس کے ایک مفرور ملزم شہزاد ملا کو ایک 2 روز میں گرفتار کر لوں گا۔ فاضل عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے پتا کہ شہزاد ملا گرفتار ہو جائے گا۔ ہم نے ضمانت قبل از گرفتاری کا تو سنا تھا مگر یہ نیا معاملہ ہے۔ بعدازاں عدالت نے ملزم منہاج قاضی کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت 19 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے مفرور ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ واضح رہے اس کیس میں 4 ملزم رئیس مما، شہزاد ملا، نعیم ملا اور عمران نیازی شامل ہیں جبکہ منہاج قاضی گرفتار ہیں۔ عامر خان کو گزشتہ سال 11 مارچ کو متحدہ کے مرکز نائن زیرو سے رینجرز نے چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا جب کہ عامر خان اس مقدمے میں ضمانت پر رہاہیں۔