کراچی: متحدہ کے سابق ناظم سمیت 7 ہلاک‘ لیاری میں آپریشن عزیز بلوچ کا دست راست مارا گیا

کراچی: متحدہ کے سابق ناظم سمیت 7 ہلاک‘ لیاری میں آپریشن عزیز بلوچ کا دست راست مارا گیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سابق یو سی ناظم سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لیاری میں آپریشن کے دوران پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ کا دست راست اور گینگ وار کا اہم ملزم جاوید لنگڑا مارا گیا۔ مختلف جرائم میں ملوث 10 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ شہر قائد میں ٹارگٹڈ آپریشنز کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری  رہا۔ اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والا سابق یو سی ناظم اکرم صدیقی جبکہ لی مارکیٹ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت محمد افضل اور عبدالقادر کے نام سے ہوئی۔ ایس پی سٹی فیصل بشیر کے مطابق دونوں افراد موٹر سائیکل پر جارہے تھے۔ محمد افضل لیاری میں کھچی امن کمیٹی کے نمائندہ تھے۔ محمود آباد میں پان شاپ پر فائرنگ سے دکان کا مالک محمد امین گجر جاں بحق ہوگیا۔ ادھر رینجرز نے 17 مختلف کارروائیوں میں 35 ملزمان کو گرفتار کر کے دستی بم، راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے کارکن شامل ہیں۔ پولیس نے بھی چوبیس گھنٹوں کے دوران 68 چھاپوں اور 7 پولیس مقابلوں کے بعد 135 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا۔ نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب فائرنگ سے طاہر حسین کورنگی ٹائون کے بنگالی پاڑے میں فائرنگ سے خورشید نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ چاکیواڑہ سے 30 سالہ نوجوان کی ہاتھ پائوں بندھی نعش ملی جس کی شناخت نہ ہو سکی، ناتھا خان کے علاقے میں ایک شخص ٹرین تلے آکر دو ٹکڑے ہو گیا۔ صدر میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے انسپکٹر خرم وارث کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بلوچ کالونی سے القاعدہ فاروقی گروپ کے رہنما شیخ عادل اعظم کو گرفتارکر لیا۔ اتحاد ٹائون میں بھتہ خور عبدالغفار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہو گیا جسے حراست میں لیا گیا۔ ادھر لیاری میں بابا لاڈلا اور عزیز جان بلوچ کے حامیوں میں فائرنگ، لڑائی اور 5 افراد کی ہلاکت کے بعد رینجرز نے سرچ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیز بلوچ کا دست راست جبار لنگڑا مارا گیا جبکہ ایک اور اہم گینگ وار ملزم ریحان ٹپنی کو رینجرز نے گرفتار کر لیا۔ پنجگوری محلے میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے بابا لاڈلا کے گھر پر چھاپہ مارا مگر وہ فرار ہوگیا۔ رینجرز اور پولیس نے فیصل پٹھان کے گھر سے مختلف اقسام کے ہتھیار دستی بم اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلیں۔