تھر صورتحال کا ذمہ دار وفاق، طالبان سے جان بخشی کیلئے منتیں کر رہا ہے: شرجیل میمن

تھر صورتحال کا ذمہ دار وفاق، طالبان سے جان بخشی کیلئے منتیں کر رہا ہے: شرجیل میمن

کراچی(اے پی اے) سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں امن قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور طالبان سے جان بخشی کی منتیں کر کے اپنی جان چھڑانے کی کوشش کر رہی ہے، تھر صورتحال کا ذمہ دار وفاق ہے۔ وفاقی حکومت ملک میں امن قائم کرنے میں ناکام ہو چکی، دہشت گردوں کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور معصوم پاکستانیوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے وفاقی حکومت کو ملک میں امن قائم کرنے کا مینڈیٹ دیا چاہے وہ مذاکرات کی صورت میں ہو یا پھر کسی اور صورت میں لیکن ملک میں امن نہیں ہو پا رہا، اگر طالبان سے مذاکرات کامیاب ہونے ہوتے تو کب کے ہو جاتے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تھر کے قحط زدگان کی امداد کے لئے دعوے تو کئے لیکن دعوے کرنا اور بات ہے اور انہیں پورا کرنا اور بات، وزیراعظم نے انکم سپورٹ پروگرام کے متاثرین کو بھی پیسے دینے کا اعلان کیا تھا لیکن صوبائی حکومت کو وفاق کی جانب سے ایک بھی پیسہ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں سب سے زیادہ بچوں کی اموات پاکستان میں ہوتی ہیں، روزانہ 600 بچے مر جاتے ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت کو اس پر قابو پانے کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں شامل ہونے کے حوالے سے ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات کا علم نہیں، خورشید شاہ نے اس حوالے سے جو بیان دیا ہے اس میں کوئی نہ کوئی منطق تو ضرور ہے۔