کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی‘ کے ایس ای انڈیکس 7128.83 پوائنٹس پر پہنچ گیا

کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر + کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز تیزی کی اچانک لہر پر کے ایس ای 100انڈیکس 102.94 پوائنٹس کے اضافے پر دوبارہ 7128.83 کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا جس سے سرمایہ کاری مالیت میں 28 ارب 21کروڑ روپے سے زائد اضافہ کے باعث کاروبار میں تیزی غالب رہی۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری مالیاتی اداروں کی بینکنگ‘ آئل اینڈ گیس سیکٹرز سمیت بیشتر حصص میں خاصی سپورٹ حاصل ہونے‘ خریداروں کی دلچسپی‘ کاروباری حجم میں 10.43 کروڑ کا اضافہ اور تین روزہ مندی کے دوران بیشتر حصص کی قیمتیں نچلی سطح پر آنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاروں اور خریداروں نے بینکنگ‘ آئل اینڈ گیس‘ سیمنٹ‘ سکیورٹیز سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی بڑے پیمانے پر کم داموں خریداری کرکے اسے اگلے روز متوقع تیزی پر حاصل کرلئے ۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی رہی اور ایل ایس آر 25 انڈیکس 38.23 پوائنٹس کے اضافے سے مارکیٹ کے اختتام پر 2121.17 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ مجموعی طور پر 116 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 41 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 35 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 40 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔