پمپنگ اسٹیشنوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے : شرجیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے جمعہ کی علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور شہر میں بارش کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کا ہدایت دی ہے کہ شہر میں بجلی کے بریک ڈائون کے باعث دھابیجی کی 72 انچ قطر کی بھٹنے والی پائپ لائن کی فوری مرمت کی جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے سیکرٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرزکو بارش کے بعد کی صورت حال کی مکمل مانٹرنگ کرنے اور شہر میں بارش کے بعد کسی بھی مقام پر پانی جمع نہ ہلونے پائے اس کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے جمعہ کی علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کلفٹن، ڈیفنس، گذری، شارع فیصل، سرجانی ٹائون، سمیت کئی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور ان علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی بندش کا بھی نوٹس لیا اور کے الیکٹرک حکام کوواٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرزکو بارش کے بعد کی صورت حال کی مکمل مانٹرنگ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں پہنچ کر تمام کاموں کی مانٹرنگ کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہر میں کسی بھی جگہ بارش کے بعد پانی جمع نہ ہونے پائے اس کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔