رینجرز آپریشن سفاک دہشت گردوں کےلئے تازیانہ ہے‘ ایم کیو ایم پاکستان
کراچی(خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے اردو بازار میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں سے مقابلے کے نتیجے میں 4رینجرز اہلکاروں سمیت 6افراد کےزخمی ہونے پر افسوس اور تشوےش کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رینجرز کی جانب سے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے خلاف جس عزم و حوصلے کے ساتھ کارروائی کی گئی ہے وہ سفاک دہشت گردوں کیلئے تازیانہ ہے کہ وہ ملک بالخصوص کراچی میں اپنے مذموم اور گھناﺅنے مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک بالخصوص کراچی میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردفرقہ وارانہ قتل و غارتگری ، بھتہ خوری ، زمینوں پر قبضے اور دیگر سنگین جرائم میں نہ صرف ملوث ہیں بلکہ دھڑلے کے ساتھ اپنے اپنے عسکری ونگز کے ذریعے ملک میں بم دھماکے اور بد ترین دہشت گردی کرکے ملک و قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔