پیپلز پارٹی حکومت سے کوئی اختلاف نہیں‘ آئی جی سندھ پولیس
کراچی (وقائع نگار)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ وہ سرکاری ملازم کی حیثیت سے نظم و ضبط کے پابند ہیں اپنی مرضی سے نہیں جاسکتے۔ ایک طریقہ کار ہے وہ مکمل ہو تو ایک منٹ نہیں لگائیں گے۔ سندھ اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی اختلاف نہیں ہے کسی کا ہے تو اس سے پوچھیں۔ حیدرآباد ٹریننگ سینٹر بائونڈری وال نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا۔ وہاں تربیت پانے والوں کو دیگر سینٹرز میں شفٹ کردیاگیا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سے میرا کوئی اختلاف نہیں۔ حکومت کی مرضی ہوتی ہے کہ کسے آئی جی رکھے۔ میں نے عدالت میں کوئی پٹیشن نہیں کی اس سے قبل سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی اویس شاہ نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ پولیس افسران کے خلاف شکایات پر کارروائی کیوں نہیں کی جاتی۔ پولیس افسران سے شکایات کا معاملہ کمیٹی میں دوبارہ اٹھائیںگے۔