بحریہ ٹاﺅن کی جانب سے ایدھی کو پانچ کروڑ کا چیک پیش‘ الطاف کا فون‘ڈکیتی کی مذمت کی

بحریہ ٹاﺅن کی جانب سے ایدھی کو پانچ کروڑ کا چیک پیش‘ الطاف کا فون‘ڈکیتی کی مذمت کی

کراچی (نیوز ایجنسیاں) بحریہ ٹاﺅن کی جانب سے عبد الستار ایدھی کو پانچ کروڑ روپے کا چیک دیدیا گیا۔ ایک روز پہلے بحریہ ٹاﺅن کے کچھ اہلکاروں نے عبد الستار ایدھی سے ملاقات کی ۔ گذشتہ روز بحریہ ٹاﺅن کے ڈائریکٹر زین ملک نے عبد الستار ایدھی سے ملاقات کی اور پانچ کروڑ روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے زین ملک نے کہا عبدالستار ایدھی کی ڈکیتی کے بعد فوری امداد کرنیکا مقصد بحریہ ٹاﺅن کے انسانیت کی خدمت کے عزم کو آگے بڑھانا ہے۔ ہمیں دلی افسوس ہے کہ ایدھی صاحب کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔فلاحی کام جن میں ہماری مدد درکار ہو ضرور بتائیں، ہم حاضر ہیں۔قبل ازیں عبدالستار ایدھی کے کسی جماعت کی طرف سے رابطہ نہ کرنے کے شکوے کے فوراً بعد قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے ایدھی کو ٹیلیفون کیا اور ڈکیتی کے واقعہ کی مذمت کی۔ اس سے قبل  ایدھی نے کہا تھا کہ ڈکیتی کے بعد کسی سیاسی جماعت نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، پولیس بڑی دلجوئی سے ڈکیتی کی تحقیقات کر رہی ہے، امید ہے کہ جلد ڈاکوﺅں کو گرفتار کر لے گی۔ وہ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔