صحافی کے قلم میں بڑی طاقت ہے ‘سینیٹر عبدالقیوم سومرو
کراچی(کلچرل رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر سینیٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا ہے کہ صحافی کی بڑی ذمہ داری ہے اس کے قلم سے تقدیر بدل جاتی ہے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں سابق ڈائریکٹر اطلاعات حکومت سندھ ایس ایم اقبال کی کتاب صحافت اور حکمران کی تقریب رونمائی میں کیا۔ عبدالقیوم سومرو نے مزید کہا کہ قربانی کمزور دیتا ہے- طاقتور پردے کے پیچھے چھپ جاتا ہے ہم نے اپنی ذات، خاندان کے لئے بہت کچھ کیا لیکن ملک کے لئے کچھ نہیں کیا -صاحب کتاب ایس ایم اقبال نے کہاکہ انفارمیشن میں آنے کے بعد صحافیوں سے تعلقات ہوگئے اکثر صحافی پہلے ہی کچھ بتادیتے ہیں -انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعا ت اور میڈیا میں رابطہ ضروری ہے۔ ہمارا دفتر منی پریس کلب کہلاتا تھا - مہتاب اکبر راشدی ایم این اے نے کہاکہ ایس ایم اقبال میرے ساتھ رہے ہیں- بڑی محنت سے کام کرتے ہیں دوست محمد فیضی نے کہاکہ صحافت او رحکمران چکی کے دو پاٹ ہیں جن کے درمیان انفارمیشن کا شعبہ پستا ہے۔ دوست بنانا اقبال کا فن ہے اقبال نے اپنے دفاتر کے ساتھ حکومت کے وقار کو برقرار رکھا ۔رضوان صدیقی نے کہاکہ معاشرہ اتنا زوال پذیر نہیں تھا جس شخص کوبھی اللہ نے توفیق دی ہے وہ ضرور لکھے۔ تقریب میں مقصود یوسفی، اے ایچ خانزادہ ، شاہد جتوئی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔