پی آئی اے طیاروں میں سیکورٹی سخت‘ حفاظتی سیل چسپاں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیاروں سے مسلسل ہیروئن کی برآمدگی کے بعد پی آئی اے سیکورٹی نے بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں میں مختلف حصوں پر سیکورٹی سیل چسپاں کر نے کا عمل شروع کر دیا یہ سیل جہاز کے اندرونی حصوں پر لگائی گئی ہے جہاں سے کھلنے کی جگہ ہے جس میں طیارے کے کچن‘ واش روم کے کموڈ کے علاوہ مختلف پینلز اور دیگر حصے شامل ہیں اور جہاز کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ چسپاں کی گئی ان سیکورٹی سیل میں سلوٹیں پڑنے پر فوری طور پر پی آئی اے سیکورٹی کو اطلاع دیں۔ دوسری جانب پی آئی اے کے طیاروں کی سخت چیکنگ کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا اور پی آئی اے کی کراچی سے جدہ جانے والی پرواز پی کے731کی روانگی سے قبل دو گھنٹے تک تلاشی لی گئی جس میں اے این ایف اور پی آئی اے سیکورٹی بھی شامل تھی اس دوران طیارے کی چھت ،کچن واش روم اور پینلز کے علاوہ تمام دروازوں کی سخت جانچ پڑتال کی گئی۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں کے ساتھ ساتھ کریو کی بھی تلاشی سخت کر دی گئی ہے اور کراچی ،لاہور اسلام آباد سے بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور جہاز کی صفائی ستھرائی کر نے والے عملے سمیت دیگر کی جامہ تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ ان پروازوں پر فراہم کئے جانے کھانے اور کیٹرنگ کی بھی جانچ پرتال کی جا رہی ہے۔