کراچی: 2ٹارگٹ کلر گرفتار، متحدہ لندن کا ”مکھی“ 6 اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے
کراچی (کرائم رپورٹر) سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر لانڈھی سے متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کے خطرناک ٹارگٹ کلر کاشف نذیر عرف مکھی کوگرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔کاشف نذیر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور ملزم 6پولیس اہلکاروں کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم نے ساتھیوںکے ساتھ مل کر 2014ءمیں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کے گھر کے باہر موجود پولیس موبائل پر دستی بم حملہ اور اندھا دھند فائرنگ کی تھی اور کچھ ہی فاصلے پر دوسری پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کی تھی مذکورہ حملے میں 6پولیس اہلکارشہید اور ایک پولیس افسر زخمی ہوا تھا۔ دریں اثناءبریگیڈ پولیس نے ایک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزم فیضان صدیقی سعود آباد اور شاہ فیصل کالونی میں خاتون سمیت تین افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس بارے میں اس سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
کراچی گرفتار