پاکستان کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: مہاجر قومی موومنٹ
کراچی (سٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے بانیانِ پاکستان اور ملکی یکجہتی کے حوالے سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، ملک دشمن عناصر کان کھول کر سن لے وہ جتنی چاہیے ملک کے خلاف سازشیں کرلیں ،ہم کسی صورت ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ہم بانیانِ پاکستان کی اولادیں ہیں،ہم تحریک پاکستان کی طرح ایک بار پھر بقائے پاکستان کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خشحالی اور استحکام کے لیے منظم انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے،کسی شخص کے انفرادی قول اور فعل کی وجہ سے پوری قوم کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانا پوری قوم کی تذلیل کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج آزمائش کی اس گھڑی میں پوری قوم کومنظم اور متحد ہوکر یکجہتی کے ساتھ ریاستی اور غیرریاستی ملک دشمن عناصر کو اس سازش کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم حب الوطن قوم ہے اور انہیں کسی کو حب الوطنی کا ثبوت دینے کی کوئی ضرورت نہیں، پوری قوم کو سازش کے تحت مشکوک بنانے اور انکی حب الوطنی پر انگلیاں اٹھانے والوں کی اس گھناؤنی سازش کو اپنے عمل سے ناکام بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی اور سیاسی مفادات کو پس پشت رکھ کر ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہیں جس سے پوری قوم کوانتشار کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے بامقصد مذاکرات اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ تحریک پاکستان کی قربانیوںکو رائیگاں نہیں جانے دیا جاسکتا، آج بھی قوم ملک اوراس کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ کئے بغیر اپنا سب کچھ ملک کی حرمت کیلئے قربان کرنے کو تیار ہے۔