فوج کا وقار، عدلیہ کی آزادی، ذمہ دار صحافت، ترجیحات ہیں: سعد رفیق
سکھر (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سندھ میں سائیں کلچر اب نہیں چلے گا۔ ریلوے میں چوروں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ 10 ماہ میں 30 لاکھ مسافر سسٹم میں واپس آئے۔ حکومت سے ریلوے کیلئے بھیک نہیں مانگ سکتا۔ ریلوے کی نجکاری کی طرف نہیں جائیں گے۔ خود کمائیں گے خود کھائیں گے، ریلوے کو پہلے سے زیادہ مضبوط کریں گے۔ حکومت، قوم اور عدلیہ فوج کے ساتھ ہے۔ ریلوے میں پہلے 18 ارب آمدنی اور 55 ارب خسارہ خرچ ہوتا تھا، ریلوے کا خسارہ اب کم ہو چکا ہے۔ ریلوے سکریپ کے 90 میں سے 45 کروڑ ریکور ہو چکے ہیں۔ افواج پاکستان، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی طرف کسی نے میلی نظر سے دیکھا تو بالکل برداشت نہیں کریں گے۔ سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک میں آمریت کو کبھی قبول نہیں کیا۔ آگ اور خون کا سمندر عبور کر کے آئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔ افواج پا کستان کا وقار، عدلیہ کی آزادی اورذمہ دار صحافت ہماری ترجیحات ہیں، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، محب وطن قوتوں کو دست و گریباں نہیں ہونے دیں گے، صحافتی اور ریاستی ادارے میں تنائو ختم کریں گے، صوبے ریلوے کی زمینیں واپس کر دیں، اگر نہ کیں تو اس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑے گا جن لوگوں نے اپنا عہد تو ڑا آئین اور پاکستان بنانے والوں کو غدار قرار دیا، اگر ان کے خلاف چپ رہے تو ملک قبرستان بن جائے گا۔ موجودہ حکومت کے دس ماہ میں ملک میں کچھ لوگ سیاسی بیروزگار ہوگئے ہیں اس لئے انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ اداروں میں کس طرح لڑائی کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم باغی ہیں پر ہم باغی تب بنتے ہیں جب کوئی آئین توڑتا ہے۔ الیکٹرونک میڈیا میں کچھ عناصر لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں۔