بیگم نصرت بھٹو کی پانچویں برسی ملک بھر میں منائی گئی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی پانچویں برسی اتوار کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ اس ضمن میں پیپلز سیکریٹریٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، راشد حسین ربانی، وقار مہدی، نجمی عالم سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے لئے جدوجہد کو خراج عقیدت اور ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعا بھی کی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ تقریب سے خطاب کئے بغیر چلے گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلاول بھٹو نے ” مادر جمہوریت“ بیگم نصرت بھٹو کو ان کی پانچویں برسی کے موقع پرزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے ملک کی سب سے سیاہ آمریت کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ پیپلزپارٹی کے کارکنان اور جیالے بیگم نصرت بھٹو کو ان کی پانچویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمر کا مقابلہ کرکے عوام کو اس کے مظالم سے بچایا۔ ضیائی آمریت کی وجہ سے بھٹو ہم سے چھین لئے گئے۔ جنرل ضیاءکی سیٹی پر اس کے آلہ کار بھی بھٹو کو ہٹانے میں پیش پیش تھے۔ بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ کرنے والی عدلیہ آج بھی نوشتہ دیوار اور شرمندہ ہے۔ بھٹو کی پھانسی کے بعد ضیاءکے آلہ کار پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور بیگم نصرت بھٹو کو پارٹی کی چیئرپرسن بننے کی مخالفت کی گئی۔ پیپلز پارٹی سے بھٹو کے بعد شاہ نواز، مرتضی اور بےنظیر بھٹو کو ہم سے چھین لیا ۔ جمہوریت کی بحالی کے لئے نصرت بھٹو نے ہماری تربیت کی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ بھٹو خاندان نے جمہوریت کے لئے گراں قدر قربانیاں دیں۔ مخالفین پیپلز پارٹی کی قیادت کی قربانیوں کی نظیر پیش نہیں کرسکتے۔ نواز شریف قید سے ڈر کر بیرون ملک چلے گئے۔ کسی کو ایک خط اور کسی کو معافی نامہ پر بیرون ملک جانے دیا گیا۔ بھٹو کو جھوٹے مقدمے میں تختہ دار پر چڑھادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے بڑوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں اور جدوجہد سے تعبیر ہے۔نجمی عالم نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت پر احسان کیا۔ انہوں نے بکھری ہوئی پارٹی اور جمہوریت کو پروان چڑھایا۔ بھٹو کی پھانسی کے بعد جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے نصرت بھٹو نے خاندان کی قربانیاں پیش کیں۔وقار مہدی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے پارٹی کارکنوں کو سنبھالا۔ پارٹی کے خلاف سازشوں اور جنرل ضیاءکی آمریت کا تن تنہا مقابلہ کیا۔ آج بھی جمہوریت کے خلاف عمران خان سازشیں کریں یا کوئی اور، پیپلز پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ راشد ربانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے طاغوتی قوتوں کے مقابلے کے لئے پیپلز پارٹی کو بیدار کیا۔ وہ غریب پرور سوچ کی حامل تھیں۔ بھٹو کی پھانسی پاکستان کے غریب عوام کے خلاف سازش تھی۔ بیگم نصرت بھٹو نے پابند سلاسل کارکنان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے اہم کردار اد اکیا۔
نصرت بھٹو برسی