کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی کڑیاں وزیرستان اور سوات سے ملتی ہیں: رحمن ملک

کراچی (ریڈیو نیوز + وقت نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی کڑیاں وزیرستان اور سوات سے ملتی نظر آتی ہیں سوچی سمجھی سازش کے تحت ٹارگٹ کلنگ کرائی جا رہی ہے کراچی میںگورنر سندھ عشرت العباد اور وزیراعلی سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ ملزموں کی نشاندہی پر ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد اتحادیوں کو اعتماد میں لیا ہے باہمی کوششوں سے حالات پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے فاٹا اور خیبر پی کے میں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ جب تک ہم مل کر نہیں چلیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے ہم سب کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ اور امن چاہتے ہیں اتحادی جماعتوں کی طرف سے کسی کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کا فیصلہ اسی کی کڑی ہے۔ پولیس اور رینجرز مل کر کام کریں گے انٹیلی جنس پر کارروائی کی جائے گی ضلع‘ تحصیل اور تھانہ کی سطح پر انٹیلی جنس کو بہتر بنایا جائے گا۔ کراچی کا مسئلہ پیچیدہ ہے جو کئی سال سے چلا آ رہا ہے بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اس موقع پر وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم گورنر سندھ‘ رحمان ملک‘ ایم کیو ایم اور اے این پی کے شکر گزار ہیں۔