دہشت گرد خوف کا راج قائم کرنا چاہتے ہیں مل کر مقابلہ کرنا ہوگا مرادعلی شاہ
کراچی (وقائع نگار)وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کو فون کیا اور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ہمیں مل کر دہشت گردوں سے مقابلہ کرنا ہے۔ شدید زخمیوں کو اگر سندھ بھیجا جائے تو حکومت سندھ ہر قسم کی مدد کےلئے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد خوف کا راج قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں سیکورٹی مزید سخت کرنے اور اہم مقامات سمیت مساجد عبادت گاہوں پر سیکورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے کراچی شہر سمیت پورے سندھ میں بھرپور طریقے سے نگرانی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
مراد علی شاہ