فراڈ کیس میں 2 ملزمان کو 7-7 سال قید اور جرمانہ
کراچی (وقائع نگار)کراچی کی احتساب عدالت نے ڈائریکٹر اطلاعات سندھ یوسف کابورو کو عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دے دی ہے ۔پیر کو کراچی کی احتساب عدالت میں ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات یوسف کابورو کی بیرون ملک جانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔ملزم کی جانب سے عمرے کی ادائیگی کے حوالے تمام دستاویزات عدالت میں جمع کرائی گئیں ۔عدالت نے یوسف کابورو کو 23 جنوری سے 4 فروری تک عمرے کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دے دی ہے ۔نیب کے مطابق ملزم سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے ساتھ کیس میں شریک ملزم ہے ۔ملزمان پر محکمہ اطلاعات میں 5ارب روپے سے زائد کی کرپشن کرنے کا الزام ہے ۔احتساب عدالت نے ضیاءالدین اسپتال کے چیف فنانس آفیسر کے خلاف ریفرنس کی سماعت 25جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔جب کہ بینکنگ کورٹ کراچی نے فراڈ کیس میں ملوث 2ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 7,7سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی ہے ۔پیر کوبینکنگ کورٹ میں بینک فراڈ کیسز کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے کیس میں ملوث 2ملزمان عبدالرحمن ظہیر اور یاور کو جرم ثابت ہو نے پر 7,7سال قید بامشقت اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ ملزم عبدالرحمن ظہیر پر ڈیڑ کروڑ روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی پر مزید 2سال قید ہوگی جبکہ ملزم یاور پر تین مقدمات میں 15لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔
فراڈ کیس/ سزا