کراچی:متاثرہ تاجروں کو کلیمزکی ادائیگی کل سے شروع ہو جائیگی

کراچی (کامرس رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے قائم کردہ ریلیف کمیٹی برائے متاثرین کراچی مارکیٹس کا دوسرا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے سرمایہ کاری محمد زبیر موتی والا کی سربراہی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالمجید حاجی محمد، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اے کیو خلیل، آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر احمد چنائے، سیکرٹری فنانس حکومت سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، نمائندہ وفاقی وزارت خزانہ فوزیہ سلیم، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ سعید احمد اعوان، اسپیشل فنانس سیکریٹری حکومت سندھ نجم الثاقب صدیقی، ڈپٹی فنانشل ایڈوائزر وفاقی وزارت خزانہ عبدالوہاب آرائیں، ڈسٹرکٹ آفیسر کوآرڈنیشن سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سید مکرم سلطان بخاری نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی نے اپنے پہلے منعقدہ اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی۔ اجلاس میں کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ مقررہ 20 جنوری تک متاثرین نے اپنے نقصانات کے کلیم کے 2802 فارم داخل کئے۔ بعض غلط اور دوہرے کلیم بھی داخل کئے گئے جن کی چھان بین مارکیٹ کے بااختیار نمائندوں کی موجودگی میں کی گئی اور 50 فیصد کلیم کے ابتدائی جائزہ کے بعد ان کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ 15 لاکھ تک کے کلیمز کی فوری ادائیگی شروع کر دی جائے جبکہ باقی کلیمز کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ ادائیگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ریلیف کمیٹی نے متاثرین کی جانب سے اپنے کلیم پوری ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ داخل کرانے اور کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔