کارپورٹ سیکٹر پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے: پیر مظہر الحق

کراچی (کامرس رپورٹر ) کارپورٹ سیکٹر پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر صحت، جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم کےلئے دیہی علاقوں میں اپنا دائرہ وسیع کریں, حکومت اس کے لئے ہر ممکن سہولیات و تعاون فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ہیلپ انٹرنیشنل ویلفیئر (ٹرسٹ) کے زیر اہتمام پاکستان سی ایس آر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں 4th نیشنل ایکسی لینس سی ایس آر ایوارڈ کی تقریب سے سینئر صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق، صوبائی وزیر ماحولیات و متبادل انرجی شیخ محمد افضل (خالد عمر)، ہیلپ انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی صدر و ایونٹ آرگنائزر سیّد عارف علی، سی ایس آر ایسوسی ایشن کی صدر خدیجہ بلخی، سری لنکا کے قونصل جنرل سدھارت کمار، ایف پی سی سی آئی کے اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سی ایس آر کے چیئرمین محمد صدیق شیخ سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا۔ سینئر صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر مختلف شعبوں کی ترقی و بہبود میں اپنا بھرپور رول ادا کررہے ہےں، مگر کارپورٹ سیکٹر کو سندھ کے دیہی علاقوں میں ان تمام اہم شعبوں کی بہبود کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کو بھی گود لینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم، صحت، ماحولیات، انرجی و دیگر شعبوں کی ترقی کےلئے ہمیشہ بینظیر بھٹو شہید کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے تیزی سے عملی اقدامات کررہی ہے، خصوصاً ملک کے قیمتی سرمایہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں اسکل ڈویلپمنٹ کے مواقع فراہم کررہی ہے اور ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق وظائف بھی دے رہی ہے۔