قائد متحدہ کیخلاف غداری کا مقدمہ، فاروق ستار و دیگر جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں نامزد
کراچی (کرائم رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) کراچی پولیس نے پاکستان مخالف تقریر اور ہنگامہ آرائی‘ جلاﺅ گھیراﺅ اور میڈیا دفاتر پر حملوں کے الزام میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد و دیگر رہنماﺅں اور کارکنوںکے خلاف مقدمات درج کر لئے۔ پاکستان مخالف تقریر اور کارکنوں کو ہنگامہ آرائی پر اکسانے کے الزام میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کے خلاف غداری کا مقدمہ آرٹلری تھانے میں درج کیا گیا جبکہ اسی تھانے میں ایس ایچ او عبدالغفار کی مدعیت میں ہنگامہ آرائی‘ جلاﺅ گھیراﺅ اور میڈیا دفاتر پر حملوں کے الزام میں ایک علیحدہ مقدمہ بھی درج کیا گیا جس میں ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر کئی رہنماﺅں اور کارکنوں کو ملزمان کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کے مطابق مقدمات کے اندراج کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہنگامہ آرائی اور میڈیا دفاتر پر حملوں میں ملوث 15 ملزموں کی شناخت کرلی گئی ہے اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تقریر کے اگلے روز معافی مانگی ہے۔ ایم کیو ایم کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا وہ اپنے ساتھیوں کی ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریاں دیکھ کر شدید ذہنی دباﺅ کا شکار تھے اور اسی عالم میں تقریر کر بیٹھے۔
الطاف/ معافی