کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو کھلی چھوٹ ‘2 پی پی کارکنوں سمیت 14 قتل

کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد کے واقعات میں جمعہ کے روز 2 پی پی کارکنوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ گزشتہ روز پانچ بوری بند نعشیں ملیں۔ کراچی کے علاقہ بلدیہ ٹاﺅن مواچھ گوٹھ سے تین افراد کی بوری بند نعشیں برآمد ہوئیں نعشوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کو اغوا کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ تینوں کی ایک ایک آنکھ نوکیلی سلاخ سے پھوڑ دی گئی تھی بوری بند نعشوں کے ساتھ نام کی پرچیاں نہیں ملیں۔ دوسری جانب شاہراہ فیصل پر تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ جس کے بعد مشتعل افراد نے احتجاج کیا اور بس کو آگ لگا دی۔ جبکہ بس کا ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں لیاقت آباد میں ڈاکوﺅں نے مقامی بنک سے 15 لاکھ روپے اور گارڈ سے اسلحہ لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔ ادھر پی آئی بی کے علاقے میں پرانی سبزی منڈی کے نزدیک واقع لیاقت بستی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے28 سالہ غلام قادری عرف پپو پٹھان ولد غلام محمد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق گینگ وار سے تھا۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاﺅن کے علاقے علی گڑھ کالونی میں مسلح افراد نے ایک شخص55 سالہ عبدالمتین کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ گارڈن کے علاقے رامسوامی میں پٹرول پمپ کے نزدیک کچرا کنڈی سے 50سالہ عبدالرشیدکی ہاتھ پاﺅں بندھی نعش ملی جسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ شیر شاہ کے علاقے میں ڈالڈا کمپنی کے قریب سے بھی35 سالہ شخص کی بوری بند لاش ملی جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا تاہم اس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی جبکہ چاکیواڑہ کے علاقے میں کشتی چوک پر رحمانیہ مسجد کے نزدیک رکشہ میں میں سوار نامعلوم افراد 25 سالہ نوجوان کی نعش پھینک کر فرار ہوگئے۔ اس کی بھی شنا خت نہیں ہوسکی ہے دریں اثناءسہراب گوٹھ میں جمعرات کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص حمید خان نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ مزید برآں اورنگی ٹاﺅن میں جمعہ کی شام موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیپلزپارٹی کے دو کارکنوں35 سالہ نسیم انصاری اور47 سالہ فرمان آفتاب کو قتل کردیا۔ دونوں سیکٹر-9 سی میں ہوٹل پر بیٹھے ہوئے تھے، فائرنگ کی زد میں آکر ایک بچی زخمی ہوئی۔ علاوہ ازیں بھینس کالونی کے علاقے پیرانہ گوٹھ میں جمعہ کی شب مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک عورت سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔ منگھوپیر میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔