کراچی میں سوگ کا اعلان مگرمچھ کے آنسو بہانے کے مترادف ہے، مہاجر قومی موومنٹ

کراچی (ثناءنیوز) مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے رکنِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی عبدالقادر جیلانی نے کہا ہے کہ کراچی میں قتل و غارت کرنے والے مفاد پرستوں کی جانب سے سوگ کا اعلان ”مگر مچھ کے آنسو“بہانے کے مترادف ہے۔ عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہ ِ صیام میں جاری بدترین خونریزی اور درجنوں مہاجروں سمیت سینکڑوں معصوم و بیگناہ شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے مفاد پرستوں کی جانب سے یومِ سوگ کا اعلان درحقیقت شہریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی کوشش ہے جس کے ذریعے عوام کوپیغام دیا جا رہا ہے کہ جب چاہیں وہ قتل عام کریں اور جب چاہیں معصومیت کا ڈھنڈورہ پیٹتے ہوئے سوگ منائیں۔ ہوگا وہی جو وہ چاہیں گے اور حکومتی ایوانوں سے ہمیشہ انکو تھپکیاں دی جاتی رہیں گی۔ عبدالقادر جیلانی نے کہا کہ مفاہمت کی ”زہر آلود کھچڑی“اور وفاقی وزیر ِ داخلہ کی جانبداری نے نہ صرف کراچی کو تباہ و برباد کردیا ہے بلکہ مفاد پرست جماعت کی طرف داریوں نے حکومت کی اپنی حیثیت کو متنازعہ بنادیا ہے۔
مہاجر قومی موومنٹ