فنڈز کی بروقت فراہمی میں رکاوٹوں سے کئی منصوبوں میں تاخیر ہوئی‘ شرجیل میمن
کراچی( وقائع نگار )صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے گورنر ہاﺅس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبائی وزیر نے شہری اور دیہی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فنڈز کی بر وقت فراہمی میں رکاوٹوں سے کئی منصوبوںکی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے جس کے سدباب کے لئے متعلقہ محکموں میں تعاون بڑھا یا جا رہا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ضلعی میونسپل انتظامیہ کے تحت صفائی ستھرائی کے کاموں میں تسلسل پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے بہتری آئی ہے اس سلسلے میں مزید بہتری کی گنجائش ہے جس کی کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں اکثر علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ بھی کیا گیا ہے اور موثر اقدامات اب بھی جاری ہےں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جن علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ ہو گیا ہے ان علاقوںکو مستقل طور پر محفوظ بنایا جائے اور موثر اقدامات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو ۔ گورنر نے کہا کہ میگا پروجیکٹس کی تکمیل جلد از جلد مکمل کی جائے اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔