ڈاکوئوں کا شکریہ! انہوں نے رقم لوٹی مجھے مارا نہیں، انسانیت کی خدمت کرتا رہونگا: ایدھی
کراچی (آن لائن) معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے کہا ہے کہ وہ ڈاکوؤں کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے انہیں مارا نہیں بلکہ دفتر سے صرف سامان اور نقدی لے گئے۔ ایس آئی یو ٹی کراچی میں اپنے نام سے منسوب نئے ٹرانسپلانٹ آپریشن تھیٹر کمپلیکس کی افتتاحی تقریب کے دوران صحافیوںسے بات کرتے ہوئے ایدھی نے کہا کہ ایدھی سینٹر پر ہونیوالی ڈکیتی سے انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ یہ واردات معاشرے کی بے حسی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انسانیت کیلئے کام کرتا رہا ہوں اور کرتا رہونگا۔عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے جو رقم لوٹی، وہ مخیر حضرات نے دکھی انسانیت کی بہبود لے لئے عطیہ کی تھی، اسلئے اس ان سے اپیل کرتی ہیں کہ رقم اور دیگر مسروقہ سامان واپس کردیں۔ اس موقع پر عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ میٹھا در ایدھی سینٹر میں ہونے والے واقعے میں کوئی ملازم ملوث ہے یا نہیں اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم پولیس نے انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ ایک روز میں مسروقہ سامان انہیں واپس مل جائیگا۔