کراچی: ذوالفقار مرزا کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری کا چھاپہ، 3ملازمین گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے 3ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی چودھری اسد کے مطابق ڈرائیور نیک محمد، گارڈ سکندر اور ابراہیم دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں جن سے 3 سب مشین گنیں برآمد کرلیں جو انہیں ذوالفقار مرزا نے فراہم کی تھیں، تینوں کو پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا۔ ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ پولیس نے میرے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مارا، میں ان ڈرامے بازیوں سے ڈرنے والا نہیں، پولیس میرے 2ملازمین کو ساتھ لے گئی ہے جن پر کوئی مقدمہ نہیں، انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جتنے بھی مقدمات ہیں ان میں ضمانت لے رکھی ہے، اگر کوئی ایف آئی آر باقی ہے تو دکھائی جائے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مجھے قتل کرنا چاہتی ہے مجھے بکتر بند میں ڈال کر زہریلا انجکشن لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، مخالفین سن لیں انتقامی کارروائیوں کے باوجود ملک چھوڑ کر جانے والا نہیں، ذوالفقار بھٹو اور بینظیر شہید کا مشن جاری رکھوں گا، انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالی کے بعد عدلیہ کی وجہ سے زندہ ہوں ہر جھوٹے مقدمے میں مجھے ضمانت ملی میں جج کا بیٹا ہوں انتقامی کارروائیاں کرنے والوں کو قانون کے مطابق جواب دوں گا، انہوں نے کہا کہ سندھ کا وزیر داخلہ ایسے شخص کو بنایا گیا ہے جو نہ زندوں میں ہے نہ مردوں میں اسے صرف میری وجہ سے وزیر داخلہ بنایا گیا نئے وزیر داخلہ انور سیال کی سیاسی حیثیت صفر ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے پکڑنے کیلئے سندھ میں نئے افسر لگائے گئے ہیں مگر میں حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔
ذوالفقار مرزا